فاروق آباد: شانگلہ ہل، منڈی بہائوالدین میں ٹریفک حادثات، ماں بیٹے سمیت 7افراد جاں بحق
فاروق آباد‘ سانگلہ ہل‘ فیصل آباد‘ منڈی بہاؤ الدین (نامہ نگاران‘ نمائندہ خصوصی) مختلف ٹریفک حادثات میں 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق فاروق آباد، صفدر آباد روڈ مانگا ریلوے پھاٹک پر تیز رفتار توڑی والا ٹرک الٹ گیا جس کے نتیجے میں پاس سے گزرنے والے موٹر سائیکل سوار 4 افراد نیچے دب گئے۔ اطلاع موصول ہوتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیموں نے توڑی کے نیچے دبے نوجوان کاشف کو زندہ نکال لیا جبکہ جاں بحق دو خواتین ارشاد بی بی 60 سال اور رانی بی بی زوجہ ظفر 45 سال اور وقاص ولد نفیس 22 سال ساکن نوکھر نو کی نعشوں کو نکال کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ منڈی بہائوالدین کار آگے روڈ پر کھڑے ٹرالہ سے ٹکرا گئی۔ ایک ہی گائوں کے رہائشی 3 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ ست سرا چوک میں نواحی گائوں پانڈووال سے آنے والی تیز رفتار کار سڑک پر کھڑے ٹرالر کے ساتھ ٹکرا گئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار میں سوار 3 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے، ریسکیو کے مطابق حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں میں 40 سالہ خالد ولد موندا، 24 سالہ نبیل طارق ولد محمد طارق، 28 سالہ عاطف ولد منشا شامل ہیں، جبکہ کار سوار تینوں افراد کا تعلق منڈی بہاؤالدین کے نواحی گاؤں پانڈووال سے بتایا جاتا ہے۔ سانگلہ ہل‘ نلے والا پل چک جھمرہ کے قریب موٹر سائیکل اور ڈمپر کے درمیان تصادم کے نتیجہ میں موٹر سائیکل پر سوار چک نمبر 75ر ب لوہکے فیصل آباد کے رہائشی 2افراد 22سالہ ثقلین ولد اعجاز اور 25سالہ عبدالرحمن مانی ولد عبدالغفور موقع پر ہی جاں بحق اور احمد ولد خالد شدید زخمی ہو گیا۔ ریسکیو کی امدادی ٹیموں نے جاں بحق و زخمی ہونے والوں کو الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کر دیا۔