9مئی: غیر قانونی نظر بند افراد کو روزانہ 5ہزار جرمانہ کا فیصلہ معطل
لاہور (خبر نگار‘ نامہ نگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے غیر قانونی نظر بند افراد کو روزانہ کے حساب 5ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کا فیصلہ معطل کردیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر وکلاء کو دلائل کے لیے طلب کرلیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 مئی کے حوالے سے جلائو گھیرائو کے چار مقدمات کی سماعت ہوئی، جج عبہر گل خان نے تھانہ ماڈل ٹاؤن میں درج مقدمہ میں رہنما پی ٹی آئی اعجاز چوہدری کو ڈسچارج کر دیا، عدالت نے بقیہ تین مقدمات میں اعجاز چوہدری کو 14 روز کیلئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت 34 ملزمان کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت پر شریک ملزمان کے وکلاء سے آج دلائل طلب کر لئے۔ لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے معروف فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ کی رہائی کے لیے دائر درخواست چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سفارش کی کہ درخواست کو اسی بنچ کے سامنے سماعت کیلئے پیش کیا جائے جو اسی نوعیت کی دیگر درحواستوں پر سماعت کر رہا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے اینکر و صحافی عمران ریاض کو بازیاب کرانے کی پولیس کو مزید دس دن کی مہلت دے دی۔ عدالت نے قرار دیا کہ صحافی کی زندگی کیلئے دعا گو ہیں۔ ادھر تھانہ سرور روڈ میں تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے 9مئی کو سیف سٹی اتھارٹی کے کیمرے و املاک کی توڑ پھوڑ کا ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ افسر جہانزیب کی مدعیت میں تھانہ سرور روڈ میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا۔