ارشد شریف قتل کیس، عمران سمیت 5 افراد کو تحقیقات میں شامل کرنے کی استدعا مسترد
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ وقائع نگار+خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے صحافی ارشد شریف کے قتل پر سوموٹو کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ گزشتہ روز سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے کیس پر سماعت کی تھی۔ گزشتہ روز کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا ہے۔ حکم نامے میں سپریم کورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سمیت 5 افراد کو تحقیقات میں شامل کرنے کی استدعا مسترد کردی۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اٹارنی جنرل پاکستان نے دو رپورٹس کا حوالہ دیا، خصوصی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی طرف سے عبوری تحقیقاتی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی اور دوسری رپورٹ میں وزارت خارجہ کے اب تک اقدامات کے بارے میں بتایا گیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز سماعت کے دوران ارشد شریف کی والدہ کے وکیل شوکت عزیز صدیقی کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کی والدہ نے درخواست دی ہے اور 5 افراد کے بیانات لینے کیلئے کہا گیا ہے۔ جبکہ جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت نے اینکر و سینئر صحافی ارشد شریف قتل کیس میں گواہوں کی مسلسل عدم پیشی پر سخت برہمی کا اظہارکرتے ہوئے ایک بار پھر آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران کیس کے تفتیشی افسر اور پراسیکیوٹر فیصل قوسین مفتی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ گواہان ارشد شریف کے پروڈیوسر عثمان اور اہلیہ سمیعہ ارشد شریف بیان قلمبند کروانے کیلئیایک بار پھر عدالت پی نہ ہوئے، جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور ایک بار پھر گواہان کو طلبی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 19 جون تک کیلئے ملتوی کردی۔