آرمی ویلفیئر ٹرسٹ کا نیشنل ہاکی چیمپئن شپ 2023 ء کوسپانسر کرنے کا اعلان
لاہور(سپورٹس رپورٹر)آرمی ویلفیئر ٹرسٹ نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان نیشنل ہاکی چیمپئن شپ 2023 ء کوسپانسر کریگا۔ مزکورہ اعلان آرمی ویلفیئر ٹرسٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل( ر) نوید مختار نے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں کیا۔ نوید مختار نے کہا کہ سپانسر شپ کے ذریعے قومی مقصد کے طور پر پاکستان میں ہاکی کی ترقی کو فروغ دینے میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔ اے ڈبلیو ٹی ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں اور کوچز کو مالی معاونت فراہم کریگا۔صدرپی ایچ ایف خالد سجاد کھوکھر نے کہا کہ مشکل مرحلے میں سپانسر شپ بہت مددگار ثابت ہو گی اور سالانہ چیمپئن شپ کے انعقاد میں مدد دیگی جہاں ہم بہترین ٹیلنٹ کو تلاش کر سکیں گے۔پاکستان نیشنل ہاکی چیمپئن شپ ایک باوقار ٹورنامنٹ اور نوجوان کھلاڑیوں کیلئے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور قومی ٹیم میں جگہ کیلئے مقابلہ کرنے کا پلیٹ فارم ہے۔