• news

لاہور سمیت کئی شہروں میں آندھی ، طوفانی بارش سے تباہی، 4 افراد جاں بحق، متعدد فیڈر ٹرپ

لاہور (نامہ نگاران) مختلف شہروں میں آندھی‘ طوفانی بارش‘ حادثات سے 4 افراد جاں بحق‘ کئی زخمی۔ لاہور میں وقفے وقفے سے بوندا باندی اور بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ قرطبہ چوک میں کل سے اب تک 153 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ پانی والا تالاب میں 108 ملی میٹر‘ لکشمی چوک میں 103 ملی میٹر بارش‘ ایئرپورٹ‘ تاجپورہ میں 70 ملی میٹر‘ اپرمال‘ مغلپورہ میں ساٹھ سے 65 ملی میٹر بارش ہوئی۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے سبب نشیبی علاقے زیرآب آگئے اور کئی علاقوں میں فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ ڈسکہ کے نواحی گاﺅں ویرووالا چیمہ میں بالوں کی کچی چھت گرنے کے باعث ایک ہی خاندان کے چھ افراد جن میں سات سالہ عمیر‘ پانچ سالہ زین‘ بارہ سالہ محمد علی‘ تیس سالہ شہناز‘ چوبیس سالہ شبانہ اور سترہ سالہ شازیہ زخمی ہوگئے، جنہیں ریسکیو نے طبی امداد کیلئے سول ہسپتال ڈسکہ پہنچا دیا، جہاں پر سات سالہ عمیر اور پانچ سالہ زین دم توڑ گئے جبکہ بارہ سالہ زین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ وزیرآباد کے علاقہ رسولنگر میں نیشنل بنک میں تعینات سویپر منصب علی گزشتہ روز آنے والے شدید طوفان‘ آندھی کی وجہ سے گرنے والی دیوار کی زد میں آکر جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ شیخوپورہ میں بارش کی وجہ سے نشیبی علاقوں سمیت ڈپٹی کمشنر آفس بھی زیرآب آ گیا۔ فیروزوالا ڈیرہ حافظاں مرزا اور کاں روڈ پر باڑہ کی چھت گر گئی جس کے مبلے تلے دب کر 80 سالہ بزرگ اقبال جاں بحق اور تین جانور دم تو گئے۔ چھت بارش کی وجہ سے گری۔ سیالکوٹ سیکشن پر اگوکی سٹیشن کے قریب ٹریک پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے لاثانی ایکسپریس نہ آسکی جبکہ علامہ اقبال ایکسپریس بغیر کسی مسافر کے وزیرآباد سے لاہور چلی گئی جس کی وجہ سے نارنگ منڈی، بدوملہی، نارووال، کالاخطائی سے لاہور اور لاہور سے نارووال جانے والے ہزاروں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑا۔
بارش

ای پیپر-دی نیشن