9 مئی ، ملزموں کا ٹرائل جیل میں ، انسداد دہشت گردی مقدمات کی روزانہ سماعت ہوگی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس میں 9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائیوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزموں کا جیل کے اندر ٹرائل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات کی سماعت روزانہ ہو گی اور جیل کے اندر ٹرائل کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو باقاعدہ آگاہ کیا جائے گا۔ 9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائیوں کو تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ محسن نقوی نے پولیس اور محکمہ پراسیکیوشن کو ملزموں کے خلاف مضبوط شہادتیں پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث کسی بھی شرپسند کو معاف نہیں کیا جائے گا اورکسی بے گناہ کو سزا نہیں ہونے دی جائے گی۔ نگران وزیراعلی نے مفرور شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دیا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ تفتیش کے دوران بے گناہ ثابت ہو نے پر 200 افراد کو بری کر دیا گیا ہے اور شرپسندو ں کے خلاف مقدمات مضبوط شہادتوں کے ساتھ پیش کئے جا رہے ہیں۔ محسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس میں پنجاب کی تاریخی و قدیم ثقافتی عمارتوں کا انتظام والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے سپرد کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب کا ثقافتی کلچر انتہائی دلکش اور تاریخی حیثیت کا حامل ہے اور پنجاب کی تاریخی عمارتوں کے ثقافتی ورثے کو اصل حالت میں بحال کریںگے۔نگران وزیراعلیٰ نے لاہور، گوجرانوالہ اور دیگر شہروں میں تاریخی عمارتو ںکے اردگرد تجاوزات فوری ختم کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تاریخی عمارتوں کے راستوں کی صفائی اور ثقافتی سجاوٹ کی جائے گی۔ علاوہ ازیں محسن نقوی نے نالوں کے ارد گرد قائم تجاوزات ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریفک کی روانی میں حائل رکاوٹوں کو دور کیاجائے اور ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے نکاسی آب سے متعلق امور کو مد نظر رکھا جائے۔