• news

کراچی ‘مینڈیٹ پر شب خون مارا گیا، عدالتوں میں جائیں گے ‘احتجاج بھی ہو گا:سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کراچی کے مینڈیٹ پر شب خون مارا گیا، عوام اس ظلم کو کبھی تسلیم نہیں  کریںگے، جماعت اسلامی کراچی کے عوام کے مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے ہر وہ طریقہ اختیار کرے گی جس کی آئین پاکستان میں اجازت ہے، عدالتوں میں بھی جائیں گے اور پرامن احتجاج بھی کریں گے، شہر کو ایک شہزادے کی خواہش کے مطابق نہیں چلایا جاسکتا، پیپلز پارٹی اندرون سندھ پر توجہ دے جو موہنجوداڑو کا منظر پیش کررہا ہے۔ مئیر کے انتخاب کا دن شہر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، ایک طرف سوا تین لاکھ دوسری جانب جماعت اسلامی کے 9لاکھ ووٹ تھے مگر سوا تین لاکھ والوں کو فاتح قرار دیدیا گیا، جمعرات کے واقعہ سے لوگوں کا جمہوریت پر اعتقاد بالکل ہی اٹھ گیا جو پہلے ہی متزلزل تھا۔ الیکشن کمشن اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں مکمل ناکام ہوگیا، اسے ادارے کی ملی بھگت کا نام دے لیں یا نااہلی کہہ لیں، حقیقت یہ ہے کراچی بلدیاتی انتخابات کے ہر مرحلے پر بدترین دھاندلی ہوئی، الیکشن کمشن ایک شہر میں شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں بنا سکا تو پورے ملک میں یہ عمل کیسے ہوگا، ایک سوالیہ نشان بن چکا ہے۔ میئر انتخاب کے دوران اکتیس منتخب افراد کا سرے سے ہی غائب ہوجانا ملکی تاریخ کا انوکھا واقعہ ہے، جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے تحفظ اور آئین، قانون اور انصاف کی بالادستی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کی صدارت کے دوران اور مختلف ٹی وی چینلز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مجلس عاملہ کے اجلاس میں کراچی انتخابات اور ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن