نادرا کے این ٹی ایل بورڈ میں بدعنوانی، نیب، ایف آئی اے منگل تک رپورٹ پیش کریں: پی اے سی
اسلام آباد (نامہ نگار) پبلک اکائونٹس کمیٹی (پی اے سی) نے نیب اور ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ نادرا کے این ٹی ایل بورڈ میں اربوں روپے کے معاملے پر آئندہ منگل تک تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کریں۔ تحقیقات میں سمارٹ کارڈ اور بورڈ ممبران کی تعلیمی اہلیت سمیت تنخواہوں، مراعات، اعزازیہ اور سفری تفصیلات کو بھی مد نظر رکھا جائے۔ چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی نور عالم خان نے کہا ہے کہ این ٹی ایل کے حوالے سے تحقیقاتی رپورٹ میں جو باتیں سامنے آئی ہیں ان کی مزید چھان بین ہونی چاہیے۔ پبلک اکائونٹس کمیٹی کا اجلاس پی اے سی چیئرمین نور عالم خان کی زیر صدارت گزشتہ روز ہوا۔ اجلاس میں وزارت داخلہ اور ماتحت اداروں کے 20۔2019 ء کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے آغاز میں چیئرمین پی اے سی نور عالم خان نے کہا کہ این ٹی ایل کے ڈائریکٹرز ایس ای سی پی کے ساتھ رجسٹرڈ ہوتے ہیں ۔ این ٹی ایل کے کمپنی سیکرٹری نے بتایاکہ اس کمپنی کے بورڈ کے سربراہ چیئرمین نادرا ہیں، نورعالم خان نے سیکرٹری داخلہ کوکہا کہ این ٹی ایل بورڈ کے ان ارکان کو تحقیقات مکمل ہونے تک معطل کیا جائے۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ ہم یہ نہیں کر سکتے، وفاقی حکومت کی اجازت درکار ہے۔ پی اے سی نے سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ این ٹی ایل کے حوالہ سے پی اے سی کے تحفظات سے وزیر اعظم کو خط لکھا جائے۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ ہم نے متعدد بار چیئرمین نادرا کو بلا کر کہا کہ قانون پر عملدرآمد کریں مگر انہوں نے ہماری نہیں سنی، اب انکوائری شروع ہونے پر انہوں نے استعفی دے دیا ہے۔