تجارتی شماریاتی ڈیٹا کا تبادلہ، پاکستان، روس کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان اور روس نے پاکستان کسٹمز اور فیڈرل کسٹمز سروس (رشین فیڈریشن) کے درمیان باہمی تجارت کے بارے میں شماریاتی ڈیٹا کے تبادلے سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیئے۔ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط سینٹ پیٹرز برگ بین الاقوامی اقتصادی فورم کے موقع پر کئے گئے جو 14 سے 17 جون تک منعقد ہو رہا ہے۔ روس میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان نے پاکستان کسٹمز کی جانب سے مفاہمت کی دستاویز پر دستخط کئے جبکہ سیکرٹری تجارت محمد صالح فاروقی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مفاہمت کی یادداشت پر عملدرآمد کیلئے فریقین بیرونی تجارت کے اعدادوشمار مرتب کرنے کیلئے بروئے کار لائے جانے والے طریقہ کار کے بارے میں معلومات کے تبادلے، اس کی نمایاں تبدیلیوں اور اس کے ساتھ ساتھ باہمی تجارت کے بارے میں شماریاتی اعدادوشمار کے تبادلے ماسوائے اس ڈیٹا کے جو ریاست یا تجارتی رازداری کے دائرہ کار میں آتا ہو، کے شعبہ میں تعاون کریں گے۔ ایم او یو کے مطابق فریقین ہر سہ ماہی کے اختتام پر معلومات کا تبادلہ کریں گے جبکہ سالانہ ڈیٹا رپورٹنگ سال کے اختتام کے بعد 120 دنوں کے اندر الگ طور پر فراہم کریں گے۔