حکومت آئی ایم ایف سے معاہدہ نہ ہونے پر ایمرجنسی لگانا چاہتی ہے، شیخ رشید
لاہور (آئی ا ین پی ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت کا آئی ایم ایف سے معاہدہ نہیں ہو سکا یہ ملک میں ایمرجنسی لگانا چاہتے ہیں حالانکہ ضرورت الیکشن ایمرجنسی کی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایک طرف معاشی خودمختاری دا وپر لگا دی، دوسری طرف عوام کو غربت کے سمندر میں ڈبو دیا، ساری سیاسی نااہلی اور ناکامی حکومت کی ہے اب ملبہ کسی اور پر ڈال رہی ہے، میں اداروں اور عدلیہ سے اپیل کرتا ہوں کیرم بورڈ حکومت کو الیکشن کی طرف جانے پر مجبور کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا نہ ہوا تو نہ رہے گا بانس نہ بجے گی بانسری، ٹرین چھوٹ جائے گی، غربت کے مارے چوک چوراہوں میں لوٹ مارکر رہے ہیں، مشکلات اور آفات میں لیڈر اپنی عوام میں ہوتے ہیں ملک سے باہر نہیں ہوتے، انہوں نے سیاست کے لیے ریاست کو دا وپر لگا دیا ہے۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں سقوط معیشت ہوچکا ہے، بلومبرگ نے کہا ڈیفالٹ ہونے جارہے ہیں، 50 فیصد ٹیکسٹائل فیکٹری بند،11فیصد ترسیلات کم،50فیصد مہنگائی زیادہ ہو چکی ہے، ڈیجیٹل اکانٹ لاپتہ ،10لاکھ لوگ بیروزگار اور ایک کروڑ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے جا چکے ہیں۔ شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ غیر ملکی کمپنیاں ملک چھوڑ کر جارہی ہیں،5 ڈالر خیرات نہیں مل رہی، یہ بے مقصد غیر ملکی دوروں پر ہیں، حکومت بے گناہ ورکروں کو رات کو گھروں سے اٹھا رہی ہے۔