ایف بی آر میں بہتری کی گنجائش، مزید آسان ڈیجیٹل بنارہے ہیں: وزیرمملکت خزانہ
اسلام آ باد (آئی ا ین پی ) وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ ایف بی آر نظام کو مزید آسان اور ڈیجیٹل بنارہے ہیں، جب تک ایلیٹ کلچر نہیں توڑا جائے گا مراعات ایک مخصوص طبقے تک محدد رہیں گی۔ وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری بھی چارٹر آف اکانومی کی بات کرتے ہیں، یہ ایک خوش آئند بات ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے چارٹر آف اکانومی کی اس وقت بات کی جب وہ اپوزیشن لیڈر تھے، وزیراعظم آج بھی معاشی استحکام اور چارٹر آف اکانومی کی بات کرتے ہیں، ملک میں اصلاحات کا ایجنڈا حکومت شروع کرے گی۔ وزیر مملکت برائے خزانہ نے مزید کہا کہ پاکستان میں حکومت کے علاوہ بھی کئی اسٹیک ہولڈرز موجود ہیں، ہم سب کو مل کر اس پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔ عائشہ غوث پاشا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بدقسمتی سے مراعات یافتہ کا نظام رائج ہے، جب تک ایلیٹ کلچر نہیں توڑا جائے گا مراعات ایک مخصوص طبقے تک محدود رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نظام میں بہتری کی گنجائش ہے، اسے مزید آسان اور ڈیجیٹل بنا رہے ہیں، کوشش ہے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرسکیں۔