پرویز الٰہی کو جیل میں سی کلاس سہولت بھی نہیں، ظالمانہ سلوک کیا جا رہا : اہلیہ
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الٰہی کی اہلیہ نے بیان میں کہا ہے کہ پرویز الٰہی سے قید میں پہلی ملاقات ہوئی ہے۔ پرویز الٰہی کا حوصلہ بلند تھا جس پر مجھے تسلی ہوئی۔ پرویز الٰہی پر جسمانی اور ذہنی تشدد کے بعد ان کے موقف کا بھی پوچھا ان کا کہنا تھا جو مؤقف پہلا تھا اس پر قائم ہوں۔ آئندہ بھی قائم رہوں گا۔ پرویز الٰہی کو جیل میں سی کلاس قیدی کی سہولیات بھی میسر نہیں۔ 77 سال کی عمر کے شخص کے ساتھ اس طرح کا ظالمانہ سلوک کیا جا رہا ہے۔ ہماری کہیں بھی داد رسی نہیں ہو رہی، اس کی وجہ کیا ہے؟ پرویز الٰہی کو جیل میں سہولیات ملنی چاہئیں۔ پرویز الٰہی کو کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ لایا گیا تو مجھے رات ڈیڑھ بجے کے بعد فون آیا، وہاں مجھے پرویز الٰہی سے ملنے نہیں دیا گیا۔ نامکمل ٹیسٹوں کے بعد پرویز الٰہی کو واپس جیل بھجوا دیا گیا۔