• news

بھارتی ریاست منی پور میں خانہ جنگی شدت اختیار کر گئی

اسلام آباد(خبرنگار خصوصی) بھارتی ریاست منی پور میں خانہ جنگی شدت اختیار کر گئی ہے اور امپھال میں بی جے پی کی خاتون وزیرِ صنعت کا گھر جلا دیا گیا ہے۔ سرحد پار سے آنے والی رپورٹس کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ریاست منی پور میں پر تشدد واقعات سے ایک خاتون سمیت 9افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جب کہ اب تک مجموعی طور پر خانہ جنگی کے باعث سینکڑوں افراد ہلاک جبکہ ایک لاکھ سے زائد دربدر ہو چکے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق پولیس، بی ایس ایف اور فوج کے 50 ہزار اہلکار تعینات کرنے کے باوجود مودی سرکار خانہ جنگی پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے اور بھارتی ریاست منی پور کی عوام نے مودی سرکار پر خانہ جنگی کو دانستہ ہوا دینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ مودی خانہ جنگی کا بہانہ بنا کر منی پور کے قبائلی تشخص کو ختم اور انتہا پسند ہندو نظریہ مسلط کرنا چاہتا ہے۔ ریاست کے شہریوں کا کہنا ہے کہ خانہ جنگی کا بہانہ بنا کر مودی ریاست منی پور پر اپنی گرفت مضبوط کرنا چاہتا ہے۔ واضح رہے کہ بھارتی ریاست منی پور میں 3مئی سے انٹرنیٹ بندش اور کرفیونافذ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن