ریڈیو پاکستان پشاور میں توڑ پھوڑ کرنیوالے مرکزی کردار کی نشاندہی
پشاور(این این آئی)پولیس نے 9مئی کے روز چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد ریڈیو پاکستان میں توڑپھوڑ اور جلائو گھیرا ئوکرنے والے اہم کردارکی نشاندہی کر دی۔ذرائع کے مطابق جیوفینسنگ سے پتا چلا ہے کہ ریڈیو پاکستان واقعے میں مبینہ طور پر پی ٹی آئی کا سابق ایم پی اے آصف خان ملوث ہے جو مظاہرین سے مسلسل رابطے میں تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق توڑ پھوڑ اور جلائو گھیرائو کے الزام میں گرفتار51ملزمان کے بیانات قلم بند کئے گئے جس میں بتایا گیاکہ دوران احتجاج آصف خان مظاہرین کو توڑ پھوڑ اور جلا ئوگھیرا ئوکی ہدایات دیتا رہا۔پولیس کے مطابق ریڈیو پاکستان واقعہ کے بعد سابق ایم پی اے موبائل بند کر کے روپوش ہے۔پشاور پولیس نے بتایاکہ پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے آصف خان کے خلاف تھانہ شرقی میں مقدمہ درج ہے، ملزم کے خلاف درج ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں۔