• news

مولانا نذیر احمد عصرکی نماز پڑھاتے حالت رکوع میں انتقال کر گئے

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جامعہ اشرفیہ لاہور کے فاضل اور محکمہ اوقاف کے امام و خطیب عالم دین مولانا نذیر احمد جامع مسجد بشیر کچا ساندہ بلال گنج لاہور میں نماز عصر پڑھاتے ہوئے چوتھی رکعت میں رکوع کی حالت میں 50 سال کی عمر انتقال کر گئے۔ مرحوم انتہائی متقی، پرہیز گار اور نیک سیرت انسان تھے۔ انہوں نے 3 بیٹے،2بیٹیاں، بیوہ اور سینکڑوں شاگرد وعقیدت مندسوگوار چھوڑے۔ مرحوم کی نماز جنازہ جامعہ اشرفیہ لاہور میں مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی نے پڑھائی۔ جس میں جامعہ اشرفیہ لاہور کے علماء،طلباء، اساتذہ اور مرحوم کے عزیز و اقارب سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ مرحوم کو مقامی قبرستان شیر شاہ اچھرہ لاہور میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ دریں اثناء جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم حضرت مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی، نائب مہتمم و ناظم اعلی مولانا قاری ارشد عبید، مولانا محمد یوسف خان، مولانا حافظ اسعد عبید،قاری اجود عبید، مولانا زبیر حسن اور مولانا مجیب الرحمن نے مولانا نذیر احمد کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم انتہائی متقی، پرہیزگار، نیک سیرت انسان اور جید عالم دین تھے۔ ان کی تمام زندگی اسلام کی خدمت، دین کی اشاعت اور خدمت خلق میں گذری۔ انہوں نے مرحوم کیلئے جنت الفردوس میں اعلی مقام اور لواحقین کیلئے صبرجمیل اور سکون کی دعا کی۔

ای پیپر-دی نیشن