• news

پوسٹ بجٹ سیمینار ،غلط پالیسیز سے معاشی بد حالی کا شکار ہوئے : چیئرمین پیاف

لاہور ( کامرس رپورٹر ) چیئرمین پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسو سی ایشن فرنٹ(پیاف) فہیم الرحمان سہگل نے یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی ) میں پوسٹ بجٹ سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا بجٹ شعبہ صنعتکاری اور کاشتکاری کے حوالے سے بہتر ہونا چاہیے۔بجٹ میں مختص برآمدات اور شرح نمو کا ٹارگٹ حاصل کرنے کیلئے حکومت کاروبار دوست پالیسیاں بنائے۔ ہم ٹارگٹ تو رکھ لیتے ہیں مگر غلط پالیسیز کی وجہ سے اسکو حاصل نہیں کر پاتے۔ ہم اپنی 65% یوتھ کو سکلڈ فورس بنائیں تاکہ ہم اپنے دستیاب ذرائع کومتبادل درآمدات کیلئے بہتر طور پر استعمال کر سکیں۔ پچھلے کئی سالوں سے انڈسٹریلائزیشن کو رئیل سٹیٹ میں ڈمپ کر دیا گیا ہے۔ پچھلے چند سالوں میںسینکڑوں ہاﺅنگ سوسائٹیز بن گئیں مگر ہم 10 انڈسٹریل زون نہیں بنا سکے۔ شروع سے ہی ہماری پالیسیز بہت خراب رہی ہیںلہٰذا ہمیں مختلف سیکٹرز کے بارے میںکارآمد پالیسیز بنا کے ان پر عمل کرنا ہو گا کیونکہ ایسا کرنے سے ہی ہم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔جب تک ہم صنعت و تجارت کو مضبوط نہیں کرینگے تب تک ہم معاشی مشکلات کا شکار رہیں گے۔ہم غلط پالیسیز کی وجہ سے معاشی بد حالی کا شکار ہو چکے ہیں۔ اکثر کمپنیوں نے اپنی استعداد کار کو کم کر دیا ہے اور اکثر کمپنیوں نے کیش کے خلا کو پر کرنے کیلئے بنکوں سے قرضے لے رکھے ہیں جبکہ بینکنگ سیکٹر کی مختلف ٹرانزیکشنز پر 0.6% جو ٹیکس لگایا گیا ہے وہ بھی نا مناسب ہے۔ انڈسٹری کو پہلے ہی پیداواری لاگت زائد ہونے کے باعث ملکی مصنوعات کو عالمی سطح پرچیلنجز کا سامنا ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل یو ایم ٹی عابد شیروانی، سینئر تجزیہ کار عدنان عادل سابق چیئرمین ایف بی آر سہیل احمد اور ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ارم نے بھی خطاب کیا۔

ای پیپر-دی نیشن