بھارتی مظالم کی انتہائ کشمیریوں کا پانی بھی بند
ضلع ریاسی میں ایک اور شخص کوکالے قانون کے خلاف احتجاج کرنے کی پاداش میں گرفتار کر لیا گیا۔ سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے جارہے ہیں۔ شمالی کشمیر کے سوپور قصبے کے علاقے نگلی کے لوگوں نے پینے کے پانی کی عدم فراہمی پرمحکمہ پانی و بجلی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ لوگوں کو گزشتہ 10 دنوں سے پانی کی عدم فراہمی کی وجہ سے شدیدمشکلات کا سامنا ہے۔ پولیس نے ضلع کے علاقے گران موڑ کے رہائشی مقبول احمد کو کالے قانون کے تحت گرفتار کرکے اسے جموں کی امپھالہ جیل منتقل کر دیاجبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں۔دوسری جانب بھارتی حکومت نے کشمیری حریت پسند جماعتوں کے اتحاد کل جماعتی حریت کانفرنس پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بھارتی وزارت داخلہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ایکٹ ( یو اے پی اے ) کے تحت کسی بھی وقت نوٹیفکیشن جاری کرسکتی ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم تو اب کسی سے ڈھکے چھپے نہیں رہے۔ وہ کونسا ظلم ہے جو بھارت کشمیری عوام پر نہیں کر رہا۔ کالے قانون کے تحت اس نے اب وادی میں عوام دشمنی پالیسیوں کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے جن کے تحت اب وہ کشمیری عوام کو پانی جیسی بنیادی سہولت سے بھی محروم کررہا ہے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ یہ سب کچھ عالمی قیادتوں اور انسانی حقوق کی علمبردار عالمی تنظیموں کے سامنے ہو رہا ہے مگر کسی کی طرف سے بھارت کیخلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی۔ بھارت کشمیر میں ہر اس آواز کو بزور دبانا چاہتا ہے جو کشمیر کی آزادی کیلئے اٹھ رہی ہے۔ اب مودی سرکار نے آزادی کیلئے جدوجہد کرنیوالی حریت کانفرنس پر بھی پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پاکستان تو اخلاقی اورسفارتی سطح پر بھارتی مظالم کیخلاف آواز اٹھا کر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ کشمیری عوام بھی پوری دنیا کو بھارتی مظالم سے آگاہ رکھے ہوئے ہیں مگر عالمی قیادتوں اور تنظیموں کی طرف سے مسلسل مجرمانہ خاموشی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے جس سے بھارت کے حوصلے مزید بلند ہو رہے ہیں۔ بھارتی ہٹ دھرمیوں اور غنڈہ گردی سے یہ تاثر پختہ ہو چکا ہے کہ بھارت کو عالمی قیادتوں کی پوری آشیرباد حاصل ہے اسی لئے وہ کشمیریوں سمیت مسلمانوں پر مظالم کا کوئی ہتھکنڈہ استعمال کرنے سے نہیں ہچکچا رہا۔