محکمہ ایکسائزنے ریا گالف کلب سے 7 کروڑ روپے پراپرٹی ٹیکس وصول کرلیا
لاہور(نامہ نگار) محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول لاہور نے شہر کے نادہندہ کلب سے 7 کروڑ روپے پراپرٹی ٹیکس وصول کرلیا ہے۔ ڈی جی ایکسائز محمد علی کی ہدایت پر ڈائریکٹر ایکسائز ریجن اے محمد علی نوید کی سربراہی میں ڈیفالٹر لسٹیں تیار کی گئیں۔ ڈیفنس کے سب سے بڑے ڈیفالٹر رایا گالف کلب کو نوٹسز جاری کیے گئے جو پراپرٹی ٹیکس کی مد میں تقریبا سات کروڑ روپے واجبات نادہندہ تھے۔ ای ٹی او ناصر بٹ زون 18 کو ذمہ داری سونپی گئی‘ٹیم نے ریا گالف کلب سے رقم وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کرادی۔ محکمہ ایکسائز کی تاریخ میں یہ پراپرٹی ٹیکس وصولی کی سب سے بڑی ریکوری ہے جسے یکمشت قومی خزانے میں جمع کروایا گیا۔ ڈی جی ایکسائز محمد علی نے ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے باقی ماندہ ڈیفالٹرز کے گرد گھیرا تنگ کر کے ریکوری کی ہدایت کی ہے۔ڈائریکٹر ایکسائز ریجن اے محمد علی نوید نے کہا کہ پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کیخلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، شہری پریشانی سے بچنے کیلئے واجب الادا پراپرٹی ٹیکس فوری جمع کرائیں۔