• news

قومی کرکٹرز کا لاہورمیں ٹریننگ سیشن بارش کی وجہ سے منسوخ

لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹرز کا لاہورمیں ٹریننگ سیشن بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا، کھلاڑیوں نے9بجے سے ساڑھے12 بجے تک پریکٹس کرنا تھی۔ ٹریننگ کیمپ ایل سی سی اے گرائونڈ میں شیڈول تھا،اس سے قبل قومی ٹیم کا سری لنکا سیریز سے قبل تربیتی کیمپ، سخت دھوپ کی تپش کھلاڑیوں کی طبیعت خراب ہوگئی تھی۔ سخت گرمی میں قومی کھلاڑیوں نے پہلے دن تپتی دھوپ میں تربیتی سیشن میں حصہ لیا،بعض سپنرز اور بیٹرز کی شدید گرمی کی وجہ سے طبیعت ناساز ہوئی۔ بعض کھلاڑیوں نے سخت گرمی کی وجہ سے قے کی اور سر درد کی شکایت کی تھی۔پاکستان کرکٹ ٹیم کا دورہ سری لنکا،ٹیسٹ سیریز 16جولائی سے شروع ہونے کا امکان ہے، دو ٹیسٹ میچز کی سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے ، سری لنکا کرکٹ اگلے چند روز میں سیریز کے شیڈول کا اعلان کریگا،سیریز کے ٹیسٹ میچز کولمبو اور گال میں ہونے کا امکان ہے ، پہلا ٹیسٹ 16سے 20اوردوسرا ٹیسٹ 24سے 28جولائی کھیلنے جانے کا امکان ہے ۔قومی کرکٹر فخر زمان کی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی پر غور کیا جارہا ہے۔تربیتی کیمپ میں اوپنر فخر زمان کو مدعو کیا گیا ہے۔ ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر اور قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ ہارون رشید کی خواہش ہے کہ قومی ٹیم ٹیسٹ کرکٹ میں بھی جدید انداز کی جارحانہ روئیے کی کرکٹ کو اپنائے اور ٹیم مینجمنٹ انہی خطوط پر کھلاڑیوں کی تربیت کے فارمولے پر کام کر رہی ہے۔بلخصوص بیٹرزکو ٹیسٹ کرکٹ میں بھی سٹرائیک ریٹ بہتر کرنے اور تیز انداز میں کھیلنے کا پیغام بھی دیا جارہا ہے۔ پی سی بی کا تھنک ٹینک فخر زمان کوٹیسٹ ٹیم میں واپس لانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے اور اسی سوچ کیساتھ انہیں لاہور کے کنڈیشنگ کیمپ میں بلایا گیا ہے۔ فخر زمان نے جنوری 2019 ء میں آخری ٹیسٹ کیپ ٹاون میں جنوبی افریقہ کیخلاف کھیلا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن