پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے صدر دوبارہ گرفتار‘ یاسمین راشد سمیت 12 کی درخواست ضمانت خارج
لاہور‘ پشاور (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے صدر مینا خان کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دوسری طرف یاسمین راشد سمیت 12 ملزموں کی درخواست ضمانت خارج کر دی گئی۔ تفصیل کے مطابق پشاور میں تحریک انصاف یوتھ ونگ کے صدنامہ نگارر مینا خان آفریدی کو رہائی کے ایک دن بعد 10 مئی کو درج مقدمے میں دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے صدر مینا خان آفریدی کو توڑپھوڑ‘ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے و دیگر الزامات کے تحت درج مقدمے میں گرفتار کر لیا ہے۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے شادمان تھانہ نذر آتش کیس میں 34 ملزمان کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت پر فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد،ارباز ،طاہر، غلام عباس، زاہد، علی حمزہ سمیت 12 ملزمان کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔ عدالت نے 22 نابالغ ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے جناح ہاﺅس حملہ کیس میں ملوث 8 خواتین کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔ عدالت نے 8 خواتین کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ نسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے سانحہ 9مئی جلاﺅگھیراﺅ اور توڑ پھوڑ کیس کے حوالے سے ڈاکٹر یاسمین راشد کی تین مزید مقدمات میں ضمانت کی درخواست پر پراسیکیوشن سے21 جون کو تحریری جواب طلب کر لیا۔ سماعت 22 جون تک ملتوی کردی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس وحید خان نے پی ٹی آئی سینیٹر اعجاز چوہدری کو جیل میں سہولیات فراہم کرنے کیلئے درخواست پر سرکاری وکیل کو جواب داخل کرانے کیلئے 20 جون تک مہلت دیدی ۔