• news

مقبوضہ کشمیر : قابض فوج کی بربریت جاری، مزید 5 نوجوان شہید 

 سری نگر(کے پی آئی)بھارتی فوج نے شمالی کشمیر میں5 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے۔ بھارتی فوج کی بھاری جمعیت نے شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع کے جمہ گنڈ علاقے کا محاصرہ کر لیا تھا۔ کے پی آئی کے مطابق جمعہ کو محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران بھارتی فوج نے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا جبکہ سری نگر میں بھارتی فوج کی تیز رفتار گاڑی نے خاتون کو کچل کر شہید کر دیا۔ سی آر پی ایف کی ایک گاڑی نے عبداللہ برج راج باغ سری نگر کے قریب عاکفہ امتیاز نامی خاتون کی اسکوٹی کو کچل دیا۔ خاتون کی موقع پر موت واقع ہوگئی۔ اکھنور میں درجنوں معذور افراد، بیواوں اور معمر لوگوں نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت ٹرسٹ کے چیئرمین سشیل شرما نے کی۔ مظاہرین نے محکمہ سماجی بہبود کی طرف سے مستحقین کی دوبارہ رجسٹریشن کے فیصلے پر شدید افسوس اور ناراضگی کا اظہار کیا۔دوسری جانبآزاد کشمیر میں مقیم کشمیری حریت پسند کی مقبوضہ کشمیر میں 26 کنال اور 4 مرلہ اراضی ضبط کر لی گئی ہے۔ الماس رضوان خان کپواڑہ ضلع کے علاقے غوطہ لولاب کا رہائشی ہے۔پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ ایس آئی یو نے تین مختلف مقامات پر26 کنال اور 4 مرلہ اراضی قرق کر لی ہے الماس رضوان پر بھارت مخالف سرگرمیوں کا الزام ہے۔

ای پیپر-دی نیشن