ن لیگ انٹرا پارٹی الیکشن، کوئی مخالف امیدوار سامنے نہ آیا
اسلام آباد (چوہدری شاہد اجمل ) پاکستان مسلم لیگ ن کے انٹرا پارٹی الیکشن کے لیے سردار محمد یوسف کو چیئرمین الیکشن کمیشن مقرر کیا گیا تھا۔ ممبران میں بیگم عشرت اشرف، سید شاہ محمد شاہ، بیرسٹر عثمان ابراہیم اور جمال شاہ کاکڑ شامل تھے۔ الیکشن کمیشن کا اجلاس مسلم لیگ ن کے سیکرٹریٹ چک شہزاد اسلام آباد میں منعقد ہوا۔مقررہ مدت میں صدر مسلم لیگ ن کےلئے میاں محمد شہباز شریف کے لیے 6 کاغذات نامزدگی جمع ہوئے۔ نائب صدر و چیف آرگنائزر کے لیے مریم نواز شریف کے تین کاغذات نامزدگی موصول ہوئے۔ سیکرٹری جنرل کے لیے چوہدری احسن اقبال کے دو ، سیکرٹری فنانس کے لیے سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے دو،سیکرٹری اطلاعات کے لیے مریم اورنگ زیب اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل کے لیے عطااللہ تارڑ کے ایک ایک کاغذات نامزدگی وصول پائے۔ہر عہدے کے لیے ایک ہی امیدوار ہونے کی وجہ سے تمام امیداور بلامقابلہ منتخب قرار پائے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ قائداعظم کی قیادت میں مسلم لیگ نے پاکستان بنایا تھا اور نوازشریف کی قیادت میں اس کو سنوارا ہے۔اس لیے بجا طور پر کہا جا سکتا ہے کہ نواز شریف معمار پاکستان ہیں۔انھوں نے کہا کہ نوازشریف نے پاکستان کو ترقی کے راستے پر ڈالا،ایک سازش کے تحت ترقی کا یہ راستہ روکا گیا ۔لیکن اب وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں ترقی کا یہ سفر پھر جاری و ساری ہے۔انھوں نے نو منتخب صدر میاں محمد شہباز شریف، سینئیر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز شریف ،محمد اسحاق ڈار،چوہدری احسن اقبال،مریم اورنگ زیب اور عطاءاللہ تارڑ کو مبارک باد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ انتخاب ملک اور قوم کے لیے مبارک کا باعث ہو گا۔
اسلام آباد (رانا فرحان اسلم) مسلم لیگ ن کی جنرل کونسل کے اجلاس میں پارٹی کے عہدیداروں کے انتخاب کیلئے کوئی امیدوار سامنے آیا نہ ہی کسی نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔ مسلم لیگ ن کے تمام عہدیدار بلامقابلہ منتخب ہوگئے۔ تنظیم میں کوئی تبدیلی نہ ہوئی۔ پارٹی قائد میاں نواز شریف ویڈیو لنک پر جبکہ سابق ونومنتخب صدر میاں محمد شہباز شریف بذات خود اجلاس میں شریک ہوئے۔ مریم نواز، حمزہ شہباز، چاروں صوبائی صدور و عہدیدران، آزاد جموں وکشمیر، گلگت بلتستان اور فیڈرل کیپیٹل کے عہدیداران بھی شریک ہوئے۔ سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے چیف الیکشن کمشنر کے طور پر جنرل کونسل اجلاس میں پارٹی عہدیداروں کا اعلان کیا تو شرکاءنے ہاتھ اٹھا کر نعروں کیساتھ مبارکباد دی۔ پارٹی قائد میاں نواز شریف نے بھی پارٹی عہدیداروں کو مبارک دی اور پارٹی کو کارکنوں کی سطح تک متحرک کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے بھی خطاب کیا۔