بیرسٹر سلطان کی ملاقات، مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اٹھانے کیلئے بھر پور اقدامات کرنا ہونگے : شجاعت
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی چوہدری شجاعت حسین سے اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر ملاقات میں وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین بھی موجود تھے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور چوہدری شجاعت حسین نے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور تحریک آزادی کشمیر اور آزاد کشمیر کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کرنا ہوں گے کیونکہ کشمیر کا مسئلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے مظالم کا نوٹس لے۔ شجاعت حسین نے کہا کہ صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آزاد کشمیر کو صحیح معنوں میں آزادی کا بیس کیمپ بنا دیا ہے اور اب بیرون ملک آباد کشمیریوں اور پاکستانیوں کو بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم بند کرانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے شجاعت حسین کی عیادت کی اور ان کی صحت یابی کے لئے دعا کی۔
چوہدری شجاعت