• news

گجرات‘ جہلم: بجلی‘ گیس کی غیراعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ‘ معمولات زندگی درہم برہم

گجرات‘ جہلم (نامہ نگاران) گجرات و گردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ سے معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئے۔ صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ گرمی کی شدت میں ہر دو گھنٹے بعد بجلی کی آنکھ مچولی سے بوڑھے، خواتین ، بچے نڈھال ہو گئے جبکہ بازاروں، مارکیٹوں، فیکٹریوں میں کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے۔ شہری علاقوں میں دورانیہ 12گھنٹے اور دیہی علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 12سے 18گھنٹے تک پہنچ چکا ہے۔  حکام آندھی اور بارش کا آغاز ہونے کیساتھ ہی بجلی کئی کئی گھنٹوں تک بند رکھنا معمول بنائے ہوئے ہیں۔ جبکہ بعض علاقوں میں درستگی کے نام پر 24گھنٹے گزرنے کے بعد بھی بجلی بحال کرنے کی زحمت گوارہ نہیں کی جارہی ہے۔ جہلم سے نامہ نگار کے مطابق جہلم میں گرمی کی شدت میں اضافے کے بعد بجلی کی اعلانیہ و غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور کھانے کے اوقات میں سوئی گیس کی بندش کے باعث صارفین شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ بھاری بھرکم بلوںکی ادائیگی کے باوجود صارفین سخت پریشانیوں میں مبتلا ہیں۔ حکمران عوام کو ریلیف دینے کے بجائے غریب سفید پوش  طبقے کا خون کا آخری قطرہ نچوڑنے کیلئے طرح طرح کے حربے استعمال کرکے صارفین کو مشکلات میں مبتلا کئے ہوئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن