• news

حجاج کے حوالے سے پاکستان اور سعودی عرب کی خدمات قابل تحسین ہیں: عبدالخبیر آزاد

لاہور (خصوصی نامہ نگار) عالمگیری بادشاہی مسجد لاہور میں جمعۃ المبارک کے عظیم الشان اجتماع سے چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان خطیب وامام بادشاہی مسجد مولانا سید محمد عبدالخبیر آزادنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سیرت رحمۃ للعالمین اور سنت ابراہیمی کی ادائیگی ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے، حجاج کرام کے حوالے سے سعودی عرب اور پاکستان کی جو خدمات ہیں قابل تحسین ہیں، حج کے فریضے کی ادائیگی اللہ تعالیٰ کو منانے کا عظیم ذریعہ ہے، اللہ تعالیٰ نے آپﷺ کو سارے جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا، آج ہمیں چاہیے کہ ہم رسول اکرمﷺ کی سیرت پر عمل پیر ا ہوں، آپﷺ کے اسوہ حسنہ پر چل کر ہی ہم کامیاب ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی کریمﷺ کا ارشاد ہے تم میں بہترین انسان وہ ہے جو دوسرے انسانوں کو نفع پہنچائے۔ وطن عزیزپاکستان عالم اسلام کا قلعہ ہے، آج ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ ہمیں اللہ تعالیٰ نے مملکت خداداد پاکستان کی صورت میں ہمیں بہت بڑی نعمت عطا کی ہے، وطن عزیز پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا، وطن کے حصول کے لیے لاکھوں انسانوں نے اپنی جان اور مال کی قربانیاں پیش کیں اور پاکستان معرض وجود میں آیا، پاکستان میں امن، اخوت، محبت، اتحاد، وحدت، قومی یکجہتی اور مذہبی ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے، علماء کرام و مشائخ عظام اور پوری قوم مل کر پاکستان کو مستحکم اور مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پوری قوم کی دعائیں اپنی بہادر مسلح افواج اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن