جوڑ میلہ ختم‘ بھارتی‘ پاکستانی سکھ یاتریوں نے شرکت کی‘ انتظامات بہترین تھے: سردار گوربچن
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جوڑ میلہ 2023 (گورو ارجن دیو جی شہیدی تقریبات) اختتام پذیر ہو گئیں۔ جوڑ میلہ کی مرکزی تقریب گورودوارہ شری ڈیرہ صاحب لاہور میں ہوئی، جس میں بھارتی سکھ یاتریوں کے علاوہ پاکستان کے مختلف شہروں سے 25 سکھ جتھے بھی شریک ہوئے۔ ایڈیشنل سیکرٹری شیرائنز رانا شاہد سلیم نے سکھ یاتریوں کا استقبال کیا۔ ڈپٹی سیکرٹری شیرائنز سیف اللہ کھوکھر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار امیر سنگھ نے کمیٹی ممبران اور سابق پردھان سردار ستونت سنگھ و دیگر بھی تقریب میں موجود تھے۔ جوڑ میلہ کی مرکزی و اختتامی تقریب میں ہمسایہ ملک بھارت سے پاکستان پہنچنے والے راغب گروپس نے سماع باندھ دیا۔ نانک نام لیوائوں نے کیرتن اور ارداس سمیت دیگر مذہبی رسومات ادا کیں۔ متروکہ وقف املاک بورڈ اور پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کی جانب سے مہمانوں کو سروپے پیش کئے گئے۔ بھارتی سکھ یاتریوں کے پردھان سردار گوربچن سنگھ و دیگر نے ننکانہ صاحب، حسن ابدال، سچا سودا، روہڑی صاحب، کرتار پور اور لاہور کی یاترا اور انتظامات کو لاجواب قرار دے دیا۔ واہگہ چیک پوسٹ کے راستے پاکستان آمد سے لے کر گورودوارہ شری ڈیرہ صاحب تک جو محبت، پیار، مان دیا گیا، اس پر حکومت پاکستان کے مشکور ہیں۔ رانا شاہد سلیم نے کہا کہ دین اسلام میں مہمان نوازی کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے، آپ سب لوگ ہمارے مہمان ہیں، آپ کی سیوا کرکے اپنا قومی و مذہبی فریضہ ادا کر رہے ہیں۔ بھارتی سکھ یاتریوں جمعہ کے روز لاہور شہر کے مختلف تاریخی مقامات کی سیر بھی کی۔ بھارتی سکھ یاتری آج ہفتہ کو واہگہ چیک پوسٹ راستے بھارت واپس چلے جائیں گے۔