بی آئی ایس پی 90 لاکھ گھرانوں کو نقد مالی معاونت فراہم کررہا، شازیہ مری
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر و چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، محترمہ شازیہ مری نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی 90 لاکھ گھرانوں کو نقد مالی معاونت فراہم کررہا ہے۔ بینظیر نشونما کے تحت سات لاکھ دس ہزار دودھ پلانے والی ماؤں اور ان کے 2 سال سے کم عمر کے بچوں کو غذائیت سے بھرپور خوراک فراہم کی جاتی ہے تاکہ غذائی قلت پر قابو پایا جا سکے۔ اس پروگرام نے معاشی طور پر پسماندہ طبقات بالخصوص خواتین کی سماجی و معاشی حالت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ بی آئی ایس پی سماجی تحفظ کا ایک مثالی نمونہ ہے جسے دیگر ترقی پذیر ممالک میں بھی رائج کیا جانا چاہیئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جرمنی کے شہر برلن میں "یونیورسل فارم آن ایڈاپٹو سوشل پروٹیکشن " کے اختتامی سیشن میں پینل ڈسکشن کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر شازیہ مری نے جرمنی کی حکومت بالخصوص منسٹر شولز، اور دیگر شراکت داروں، بشمول عالمی بینک اور جرمن ترقیاتی پارٹنر GIZ کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے اتنے اہم موضوع پر اس کانفرنس کا انعقاد کیا۔ انہوں نے گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب اور پاکستان اور پڑوسی ملک بھارت میں آنے والے سمندری طوفان بِپرجوئے کے خطرے کا بھی تذکرہ کیا۔