• news

ہیلتھ کیئر کمشن عطائیوںکےخلاف سخت کارروائی کرے: ڈاکٹر جمال ناصر

لاہور(نیوز رپورٹر) نگران وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمشن عطائیوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کرے۔ ایسے افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ منظور شدہ ایس او پیز کے مطابق کام کرنے والے کوالیفاییڈ ڈاکٹروں اور لیبارٹریوں کو بلاوجہ تنگ نہ کیا جائے۔ ایسا کرنا شہریوں کو معیاری علاج معالجے کی فراہمی میں رکاوٹ کا باعث بنتا ہے۔ صوبائی وزیر سے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن پنجاب کے عہدیداروں کے وفد نے ملاقات کی۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ انہیں پی ایم اے پنجاب کے عہدیداران سے ملاقات کرکے خوشی ہوتی ہے۔اس تنظیم کی خدمات کو معاشرے میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ یہ ڈاکٹرز کے حقوق کی پاسداری کیلئے اہم کردار ادا کررہی ہے۔ صحت کے نظام میں بہتری کیلئے پی ایم اے پنجاب کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز پر عمل کیا جائے گا۔ تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کر صحت کے نظام میں بہتری لانی ہوگی۔پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے ساتھ صحت کے نظام کی بہتری کیلئے مشاورت کیلئے بیٹھے ہیں۔ پی ایم اے کے وفد میں ڈاکٹر شاہد ملک، ڈاکٹر اظہار چوہدری، کرنل ریٹائرڈ غلام رسول، ڈاکٹر کامران احمد، ڈاکٹر خالد محمود خان، ڈاکٹر مسعود الرحمن ہراج، ڈاکٹر شاہد شہاب اور ڈاکٹر سلمان کاظمی شامل تھے۔

ای پیپر-دی نیشن