• news

سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز، قومی سکواڈ کا اعلان

لاہور (سپورٹس رپورٹر) سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستانی ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔ فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ قومی سلیکشن کمیٹی نے اعلان کردہ 16 رکنی ٹیم میں محمد ہریرہ اور عامر جمال کو پہلی بار شامل کیا ہے۔ ٹیم کا انتخاب سری لنکا کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے جس میں 4 پنرز ،4فاسٹ بائولرز، 6مستند بیٹرز اور2وکٹ کیپرز شامل ہیں۔ تاہم فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی کی ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی ہو گئی ہے، انہیں آئندہ ماہ سری لنکا کے دورے میں کھیلی جانیوالی 2ٹیسٹ میچوں کی سیریز کیلئے پاکستانی کرکٹ ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔ سری لنکا کیخلاف ہونیوالی 2ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز دراصل تیسری آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں  پاکستان ٹیم کی پہلی سیریز ہوگی۔ قومی سکواڈ میں بابراعظم (کپتان )،محمد رضوان (نائب کپتان اور وکٹ کیپر )، عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد ،حسن علی، امام الحق، محمد حریرہ، محمد نواز، نسیم شاہ، نعمان علی، سلمان علی آغا، سرفراز احمد(وکٹ کیپر )، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی اور شان مسعود کو شامل کیا گیا ہے۔چیف سلیکٹر ہارون رشید نے کہا کہ سری لنکا کی کنڈیشنز بیٹنگ اور سپنرز کیلئے موافق ہوتی ہیں کنڈیشنز کے مطابق متوازن سکواڈ بنایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی کو آرام کی نہیں زیادہ کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ ردھم میں آسکیں۔چیف سلیکٹر نے اس بات پر زور دیا کہ کوئی بھی کھلاڑی غیر معینہ مدت تک اعلیٰ کارکردگی کو برقرار نہیں رکھ سکتا اور نہ ہی زیادہ وقت تک کھیل سکتا ہے۔ انہوں نے سابق کرکٹرز اظہر علی اور محمد یوسف کی مثالیں پیش کیں، جنہوں نے شروع میں چیلنجز کا سامنا کیا لیکن آخر کار اپنی تال تلاش کی۔

ای پیپر-دی نیشن