• news

گیارہ لاکھ سے زیادہ عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے، 13 سو شاہی مہمان

مکہ مکرمہ (اے پی پی)گیارہ لاکھ سے زیادہ عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق     سعودی وزارت حج وعمرہ کے سیکرٹری محمد البیجاوی نے کہا ہے کہ مختلف ممالک سے اب تک11لاکھ سے زائد عازمین حج مملکت پہنچ چکے ہیں۔   وزارت حج وعمرہ کے سیکرٹری نے مزید کہا کہ بری، بحری اور فضائی راستوں سے عازمین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔  دوسری جانب بری راستے کے ذریعے سنیچر تک 25 ہزار سے زائد عازمین مملکت آئے جبکہ ان کی آمد کا سلسلہ آئندہ چند دنوں تک جاری رہے گا۔سیکرٹری  حج وعمرہ نے کہا کہ مختلف ممالک سے براہ راست مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرآنے والے عازمین کی تعداد 6 لاکھ سے زیادہ ہے۔  گزشتہ روز جمعہ تک 7 لاکھ سے زائد عازمین مدینہ منورہ آئے جن میں سے بیشترمسجد نبوی کی زیارت کے بعد مکہ مکرمہ روانہ ہوگئے۔اس وقت مدینہ منورہ میں مجموعی طورپرایک لاکھ 47 ہزار عازمین موجود ہیں جبکہ ان کی آمد کا سلسلہ  چند دن مزید جاری رہے گا۔ علاوہ ازیں سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ اب تک فضائی اور بحری راستوں سے چھ لاکھ 61 ہزار 346 حج زائرین مدینہ منورہ پہنچے ہیں۔ خادم حرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے 90 ممالک سے تعلق رکھنے والے 13 سو افراد کو شاہی مہمان کے طور پر حج کرانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی شاہی مہمان کے طور پر 13 سو افراد کو حج کرایا جائے گا، مذکورہ افراد شاہی مہمان ضیوف خادم الحرمین الشریفین پروگرام کا حصہ ہوں گے۔واضح رہے کہ خادم حرمین شریفین کی میزبانی میں حج پروگرام ہر سال جاری کیا جاتا ہے جس میں دنیا بھر سے متعدد افراد شاہی مہمان کے طور پر حج ادا کرتے ہیں۔ضیوف خادم الحرمین الشریفین پروگرام کے نگران اعلی وزیر اسلامی امور شیخ ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ نے شاہی مہمان کے طور پر حج کرانے کے احکامات پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن