پاکستان کو قومی یکجہتی،اتحادکی اشد ضرورت ہے، عبدالخبیر آزاد
لاہور (خصوصی نامہ نگار)مجلس علماء پاکستان کراچی کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں قومی یکجہتی امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا،کانفرنس کی صدارت چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان /خطیب وامام بادشاہی مسجد لاہور/چیئرمین مجلس علماء پاکستان مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کی ،جبکہ کانفرنس کی سرپرستی شیخ التفسیر مولانا محمد آصف قاسمی نے کی،کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان لاکھوں انسانوں کی قربانیوں کے بعد معرض وجود میں آیا،پاکستان اسلام اور کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیا گیا،پاکستان عالم اسلام کا قلعہ ہے،آج میرے وطن عزیز پاکستان کو قومی یکجہتی،وحدت،اتحاد اوررواداری کی اشد ضرورت ہے،اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا حکم دیتا ہے اور آئین پاکستان تمام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا ضامن ہے، توہین مذہب کی آڑمیں کسی کو بھی قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی،ہمارا دشمن بڑا عیار و چالاک ہے ہم اپنی پاک فوج کے ساتھ ملکر دشمن کی ناپاک سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔دیگر علماء کرام ومقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علماء کرام منبر ومحراب کے ذریعے انتشار سے پاک پاکستان کیلئے اپنی آواز کوعام کریں، اسلام ہمیں احترام انسانیت،تشدد سے پاک معاشرہ اور مذہبی ہم آہنگی کا درس دیتاہے،پاکستان ہم سب کا ملک ہے،پاکستان ایک ریاست ہے اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ قانون کی عمل داری کو مضبوط بنائے،افواج پاکستان او ر قومی سلامتی کے ادارے ملک و قوم کیلئے باعث فخر ہیں ان کے خلاف ہونے والا پروپگنڈہ قابل مذمت ہے۔