• news

حکمران اور نظام ناکام‘ میئر سلیکشن کیخلاف 23 جون کو بڑا مظاہرہ : سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ نظام اور حکمران ڈلیور کرنے میں ناکام ہو گئے، پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی جن وعدوں اور اعلانات پر اقتدار میں آئیں، ایک پر بھی عمل نہیں ہوا۔ ملک غیر یقینی صورت حال کا شکار ہے، الیکشن میں تاخیر آئین سے انحراف ہو گا۔ حکومت اسمبلیوں کو تحلیل کر کے انتخابات کا اعلان کرے، قوم پر احسان ہو گا، انتخابات میں التوا کی کسی کوشش کی بھرپور مخالفت کریں گے۔ اسٹیبلشمنٹ، عدالت عظمیٰ اور الیکشن کمشن کی عزت اسی میں ہے کہ سیاست سے دور ہو جائیں، اداروں کی مداخلت جاری رہی تو الیکشن کی شفافیت پر کوئی یقین نہیں کرے گا۔ کراچی میئر سلیکشن کے خلاف جماعت اسلامی 23جون کو مرکزی دفتر الیکشن کمشن اسلام آباد کے باہر بڑا مظاہرہ کرے گی۔ بلوچستان محرومیوں کی داستان ہے، جماعت اسلامی قوم کی جانب سے صوبے کے عوام کو یقین دلاتی ہے کہ ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں، گوادر معاہدہ پر من و عن عمل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی مجلس شوریٰ کے تین روزہ اجلاس کے اختتام پر سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، سیکرٹری جنرل بلوچستان ہدایت الرحمن بلوچ اور سندھ اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر سید عبدالرشید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ پیپلزپارٹی، سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر کراچی کے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا،  ایک شہزادے کی ضد پر سوا تین کروڑ عوام کی خواہشات کو روند ڈالا گیا، 193کے مقابلے میں 173والے کامیاب قرار دے دیے گئے، 9لاکھ ہار گئے اور سوا 3 لاکھ جیت گئے۔ کراچی کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے جماعت اسلامی کا ساتھ دیا۔ امیر جماعت نے کہا کہ ’’گوادر کو حق دو تحریک‘‘ کے رہنما ہدایت الرحمن بلوچ کو صرف اسی لیے جیل میں ڈالا گیا کہ وہ علاقے کے عوام کا حق مانگ رہے تھے۔ قوم ہماری تائید کرے تاکہ کرپشن فری خوشحال گرین کلین پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکے۔

ای پیپر-دی نیشن