سوڈان: فضائی حملے میں 17شہری ہلاک، 72گھنٹے کیلئے نئی جنگ بندی پر اتفاق
خرطوم+ ریاض (اے پی پی) سوڈان کے دارالحکومت خرطوم کے جنوب میں گزشتہ روز ایک فضائی حملے میں 5بچوں اور خواتین سمیت 17 شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔ چینی خبررساں ادارے نے سوڈانی وزارت صحت کے بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ خرطوم کے جنوب میں الیرموک اور میو کے علاقے فضائی حملوں کی زد میں آئے ہیں اور ابتدائی اندازوں کے مطابق 17 افراد ہلاک ہوئے، جن میں 5 بچے، خواتین اور بزرگ شامل ہیں اور 25 گھر تباہ ہو گئے۔ وزارت نے کہا کہ عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ خرطوم کے جنوب میں واقع علاقوں میں سوڈانی فوج کی فضائیہ کی جانب سے شدید بمباری کی گئی جبکہ ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) نے طیارہ شکن بندوقوں سے جواب دیا۔ اس دوران آر ایس ایف نے اعلان کیا کہ اس نے سوڈانی فوج کا ایک مگ طیارہ مار گرایا ہے۔ سعودی عرب اور امریکہ نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ سوڈان میں متحارب فریقین نے 72 گھنٹے کیلئے نئی جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔ سعودی نشریاتی ادارے کے مطابق سعودی عرب اور امریکہ کی مشترکہ کوشش سے ہونے والے نئے جنگ بندی معاہدے پرعمل درآمد کا آغاز آج سے ہو گا جو خرطوم ٹائم کے مطابق 21 جون کی صبح 6 بجے تک ہوگا۔ دونوں ممالک کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ سوڈانی مسلح افواج اور ریپڈ فورسز کے مابین سوڈان کے تمام شہروں میں نئی جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا ہے۔ فریقین نے اس بات پربھی اتفاق کیا کہ جنگ بندی کے دوران وہ نقل وحرکت اور حملوں سے گریز کریں گے۔