یونان، عوام تارکین وطن مخالف پالیسیوں کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے
ایتھنز (این این آئی )یونانی عوام تارکینِ وطن مخالف پالیسیوں کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یونان میں ساحل پر تارکینِ وطن کی کشتی ڈوبنے کے سانحے کے بعد احتجاج کرنے والے مظاہرین نے کہا کہ یونانی حکام نے تارکین اور پناہ گزینوں کو بچانے کے اقدامات نہیں کیے۔یونان کے اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ کشتی سانحہ یورپی یونین کی جانیں بچانے کی ترجیحی پالیسی کے فروغ کی ناکامی ہے۔رپورٹس کے مطابق تارکینِ وطن کو لانے کا انتظام کرنے والے 9 افراد کو یونان میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔اس سانحے سے متعلق اقوامِ متحدہ کا کہناتھا کہ اس میں اب تک 104 افراد کو بچایا جا سکا ہے جبکہ 78 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔اقوام متحدہ کی ایجنسیز کے مطابق تارکینِ وطن کی ڈوبنے والی کشتی میں 400 سے 750 افراد سوار تھے۔واضح رہے کہ لیبیا کے ساحلی شہر طبرق سے اٹلی جانے والی کشتی میں اطلاعات کے مطابق 750 سے زائد افراد سوار تھے جن میں 100سے زائد بچے اور متعدد خواتین بھی شامل تھیں۔