تحریک لبیک یارسول اللہ کے زیر اہتمام ”بقائے اہل سنت کانفرنس“
لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام مرکز صراط مستقیم تاج باغ لاہور میں ”بقائے اہل سنت کانفرنس“ کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کی صدارت حضرت پیر سید محمد عامر سلطان شاہ نے کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا اہل سنت کو اللہ تعالیٰ نے حقانیت کی بنیاد پر دوام عطا فرمایا ہے۔ عقائد اہل سنت قرآن و سنت کی سچی تعبیر و تشریح سے عبارت ہیں۔ نظریات اہل سنت وہ مبارک درخت ہے جس کی جڑیں زمین اور ٹہنیاں آسمانوں میں ہیں اور یہ ہر گھڑی تازہ پھل دیتا ہے۔ انسانیت کیلئے نافر ہونے کی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے حقائق اہل سنت کو زمین میں قرار عطا فرمایا ہے۔ جاہل خطیبوں، خام فکر دانشوروں اور خود غرض پیروں نے اہل سنت کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ باطل نظریات کی ہمنوائی کی روش اہل سنت کیلئے زہر قاتل ہے۔ بد اعتقادی ایک ایسا روگ ہے جس سے انسان کی تمام عبادات برباد ہو جاتی ہیں۔ اہل سنت کی بقا کا مدار مدارس دینیہ پر ہے۔ سیمینار میں شیخ الحدیث مفتی محمد ارشاد احمد جلالی، علامہ فرمان علی حیدری، علامہ محمد صدیق مصحفی، مفتی محمد جاوید اقبال اجمیری سیالوی، صاحبزادہ محمد مرتضیٰ علی ہاشمی، مفتی محمد صمصام مجددی سمیت کثیر تعداد میں علما و عوام اہل سنت نے شرکت کی۔