کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی معین علی پر جرمانہ عائد
لاہور(سپورٹس ڈیسک)انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر معین علی پر ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔معین علی کو ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیدیا گیا۔معین علی نے آئی سی سی کوڈ لیول ون کی خلاف ورزی کی، انہوں نے اپنے ہاتھ کو خشک کرنے کیلئے اس پر سپرے کیا۔معین علی نے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ برائے پلیئرز اور پلیئر سپورٹ پرسنل کے آرٹیکل 2.20 کی خلاف ورزی کی، جس کا تعلق کھیل کی رو کے منافی طرز عمل ظاہر کرنے سے ہے۔آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول 1 کی خلاف ورزی کرنے پر معین علی کے تادیبی ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ شامل کیا گیا ہے۔ گزشتہ 24 ماہ میں ان کا یہ پہلا جرم تھا۔یہ واقعہ ایجبسٹن میں کھیلے جانیوالے میچ میں آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے 89ویں اوور کے دوران پیش آیا جب معین کو فیلڈنگ کے دوران باؤنڈری لائن پر اپنے ہاتھ پر سپرے کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ معین علی نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا اور امپائر کے فیصلے کو قبول کرلیا۔