ساف چیمپئن شپ: بھارتی ویزوں میں تاخیر‘پاکستان فٹبال ٹیم نے فلائٹ مس کردی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)بھارتی ویزے کے اجرا میں تاخیر کے باعث پاکستان فٹبال ٹیم نے شیڈولڈ فلائٹ مس کردی۔پاکستان فٹبال ٹیم کو انڈیا میں ساف چیمپئن شپ میں شرکت کرنا ہے،ساف فٹبال چیمپئن شپ 21 جون سے 4 جولائی تک بنگلور میں ہونی ہے۔تاہم پاکستان فٹبال ٹیم کو گزشتہ روزساڑھے گیارہ بجے ماریشیش سے بھارت روانہ ہونا تھا۔ذرائع کے مطابق پاکستان فٹبال ٹیم کے پاسپورٹ اب تک بھارتی ایمبیسی کے پاس ہیں، جس کے پیش نظر پاکستان فٹبال ٹیم کا ماریشیش میں قیام بڑھا دیا گیا۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن نے ماریشیش فٹبال حکام سے ہوٹل میں قیام بڑھانے کا کہا ہے۔ پاکستان اور بھارتی فٹبال حکام میں رابطہ ہوا ہے۔بھارتی فٹبال حکام نے پی ایف ایف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستانی ٹیم کیلئے ویزوں کی کوشش کررہے ہیں،پی ایف ایف حکام ساف ٹورنامنٹ کمیٹی سے بھی رابطے میں ہے۔ فلائٹ مس ہونے پر پاکستان فٹبال کو ایک کروڑ تیس لاکھ کا نقصان اٹھانا پڑا۔پاکستان فٹبال ٹیم کو ساف کپ میں پہلا میچ 21 جون کو انڈیا سے کھیلنا ہے۔