مقبوضہ کشمیر میںباہر کے لوگ حکمرانی کر رہے ، بی جے پی نے مایوس کیا : کانگرس
سری نگر(کے پی آئی)جموں و کشمیر میں کانگریس کے ورکنگ صدر رمن بھلہ نے کہا ہے کہ بی جے پی کی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو مکمل طورپرمایوس کیاہے کیونکہ علاقے میں باہر کے لوگ حکمرانی کررہے ہیں اور مقامی لوگوں کا روزگارچھینا گیا ہے۔رمن بھلہ نے جموں کے علاقے بشنہ میں لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس پارٹی جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ ہے اور جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت بحال کرانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے لوگوں کے حقوق اور علاقے کی ریاستی حیثیت چھین لی اور اس کے بعد سے باہر کے لوگ جموں و کشمیر پر حکمرانی کر رہے ہیں جبکہ انتظامیہ لوگوں کے مسائل حل نہیں کررہی۔ راجوری میں ایک گاڑی کے حادثے میں کم از کم بارہ افراد زخمی ہو گئے۔ ڈرائیور کی جلدی اور لاپرواہی سے گاڑی کھائی میں جا گری حادثے میں 12 لوگ زخمی ہوئے ہیںجبکہ سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی نے بھارتی حکومت کی طرف سے مشروط پاسپورٹ کو حق سفر پر پابندی قرار دیتے ہوئے مقبوضہ کشمیر ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر ہائی کورٹ کی مداخلت پر انہیں حال ہی میں صرف متحدہ عرب امارات کے سفر کے لیے دو سال تک کارآمد پاسپورٹ جاری کیا ہے حالانکہ بھارتی پاسپورٹ کی عام طور پر 10 سال کی مدت ہوتی ہے اور اس سے دنیا کے کسی بھی ملک کا سفر کیا جا سکتا ہے۔