وطن واپسی کا فیصلہ ، یونان کشتی حادثہ کے ذمہ داروں کا کڑا محابسہ ہونا چاہئے : نواز شریف
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ یونان میں کشتی حادثہ بہت بڑا انسانی المیہ ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں نواز شریف نے کہا ہے کہ سینکڑوں انسانوں کی موت کا سبب بننے والے افراد، ایجنٹوں اور کمپنیوں کا کڑا محاسبہ کرنے کیلئے حکومت کو ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔ میتوں کو جلد از جلد پاکستان لانے کے لیے فوری انتظامات کئے جائیں، اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت فرمائے اور ان کے پیاروں کو صبر جمیل دے۔ دریں اثناء قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف سے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے لندن میں ملاقات کی۔ ملاقات 2 گھنٹے سے زائد جاری رہی۔ وزیر قانون نے نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق قانونی طریقے سے آگاہ کیا۔ وزیر قانون نے نواز شریف کی تاحیات نااہلی اور سزا کیخلاف اپیلوں پر بریفنگ دی۔ وزیر قانون نے کہا کہ نواز شریف نے وطن واپسی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پارٹی سے مشاورت کے بعد نواز شریف کی وطن واپسی کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔