• news

اسرائیلی فوج کی جارحیت ، پناہ گاہ پر حملہ ،5 فلسطینی نوجوان شہید ،62 زخمی 

غزہ (نوائے وقت رپورٹ) اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے علاقے جنین میں واقع پناہ گزین کیمپ میں سرچ آپریشن کی آڑ میں حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 5 نوجوان شہید اور 62 زخمی ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ جنین کے پناہ گزین کیمپ میں دو انتہائی مطلوب اکثریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کی گئی۔اسرائیلی فوج کے ترجمان نے مزید بتایا کہ جیسے ہی چھاپہ مار ٹیم پہنچی کیمپ میں موجود القدس بریگیڈ کے کارکنوں نے اپنے رہنماﺅں کو گرفتاری سے بچانے کے لیے فائرنگ کردی جس پر اپنے دفاع میں جوابی فائرنگ کرنا پڑی۔ادھر فلسطین کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فورسز کے تشدد اور فائرنگ سے شہید ہونے والے تین نوجوانوں کی شناخت 21 سالہ خالد درویش، 19 سالہ قاسم ساریہ اور 15 سالہ احمد صقر کے نام سے ہوئی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ 29 زخمیوں کو بھی مختلف اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ 7 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن