• news

پروزالہی سے جیل میںملاقات ، وہ ہماری پارٹی میں ہیں ، شجاعت

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے جیل میں ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ہماری پارٹی میں ہیں۔ جیل میں چوہدری پرویز الٰہی کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں چوہدری شجاعت کے صاحبزادے اور وفاقی وزیر سالک حسین بھی موجود تھے۔ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا پرویز الٰہی کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی اور پاو¿ں سوجے ہوئے تھے، پرویز الٰہی ہمارے خاندان کا حصہ ہیں اس لیے ملنے گیا، ہمارے خاندان نے پہلے بھی مشکلات دیکھی ہیں۔ ان سے کوئی سیاسی بات نہیں ہوئی۔ چوہدری شجاعت سے دوبارہ سوال پوچھا گیا کہ پرویز الٰہی تو تحریک انصاف کے صدر ہیں، اس پر چوہدری شجاعت حسین مسکرا دیئے۔ مونس الٰہی نے کہا ہے کہ میرے والد کو ان کے وکلاءسے ملنے نہیں دیا جا رہا۔ میری والدہ کو بھی ملاقات کی اجازت نہیں مل رہی۔ آج آئی جی جیل خانہ جات خود چودھری شجاعت اور سالک حسین کو ملوانے لے گئے۔ اب یہ ہمیں جواب دیں گے کہ خاندان والوں سے ملاقات کروا دی۔ دریں اثناءسربراہ مسلم لیگ ق چودھری شجاعت حسین سے ماہر توانائی مجاہد چٹھہ نے ملاقات کی۔ پاکستان میں توانائی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ حکومت ٹیکسٹائل سیکٹر کو دی گئی جی ایس پی پلس مراعات برقرار رکھے۔
 شجاعت‘ پرویز ملاقات
 

ای پیپر-دی نیشن