عسکری ٹاور حملہ کیس: خدیجہ شاہ سمیت 8 خواتین کے خلاف جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد
لاہور (خبر نگار) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سابق وزیر خزانہ کی بیٹی کا عسکری ٹاور پر حملے میں جسمانی ریمانڈ دینے کی پولیس کی استدعا مسترد کر دی۔ عدالت نے خدیجہ شاہ، صنم جاوید، عالیہ حمزہ اور طبیہ راجہ سمیت 8 خواتین کی درخواست ضمانت پر سماعت آج تک ملتوی کر دی۔ پولیس نے خدیجہ شاہ کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا اور عسکری ٹاور کے مقدمے میں ان سے تفتیش کیلئے جسمانی ریمانڈ مانگا انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے پولیس کی استدعا مسترد کر دی اور خدیجہ شاہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ خدیجہ شاہ پہلے سے جناح ہاؤس حملے میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں، دوسری طرف انسداد دہشت گردی عدالت نے خدیجہ شاہ، ضم جاوید ، عالیہ حمزہ اور طبیہ راجہ سمیت 8 خواتین کی درخواست ضمانت پر مزید کارروائی آج تک ملتوی کر دی۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے گرفتار خواتین کی رہائی کیلئے درخواست ضمانت پر اْن کے وکلا کو مزید دلائل دینے کی ہدایات کی۔