• news

وزیر آباد: 9 خاندان سوگ میں ڈوب گئے‘ راہوالی کے 3 دوست بدستور لاپتہ

وزیر آباد‘ بھلوال‘ گکھڑ منڈی (نامہ نگاران) یونان کشتی حادثہ کے بعد وزیر آباد کی فضا سوگوار ہے۔ 9 خاندانوں کے گھروں میں سوگ کا سماں ہے۔ علاقہ پنڈوری کلاں کے چھ نوجوان لاپتہ ہیں۔ الہ آباد کے دو چچا زاد اور شیرا کوٹ کا ایک نوجوان شامل ہے۔ درجنوں خاندانوں کے گھروں میں صف ماتم بچھ گئی۔  9 نوجوان بھی لاپتہ اور گھر والے کرب و اذیت کی کیفیت میں ہیں۔ پنڈوری کلاں کے چھ نوجوان بلال، نعمان، زین، مہران، عمر اور نبی احمد لاپتہ ہیں۔ محلہ الہ آباد سے علی جہانزیب اور علی حسنین جبکہ کوٹ شیرا کا نوجوان شہر یار بھی حادثہ کی شکار کشتی کا مسافر تھا۔ لاپتہ نوجوانوں کا بچ جانے والے افراد میں بھی نام نہیں اور ملنے والی نعشوں میں بھی مذکورہ افراد شامل نہیں۔ یہی ایک بات ہے جو آج بھی لاپتہ نوجوانوں کے گھروں کی امید بندھائے ہوئے ہیں۔ پنڈوری خورد سے ایک انسانی سمگلر شبیر انصاری کو ایف آئی اے پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ جبکہ بیشتر ایجنٹس روپوش ہو گئے ہیں۔ کشمیر کالونی راہوالی کے تین بدقسمت دوست مرزا امجد بیگ، محمد محسن اور حبیب جرال تاحال لاپتہ ہیں۔ گھر والے شدید رنج و غم میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ سیاسی سماجی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ امجد، محسن اور حبیب کے متعلق یونان حکومت سے فوری رابطہ کیا جائے اور بیرون ملک غیر قانونی طور پر بھیجنے والے ایجنٹوں کو بلا تاخیر گرفتار کر کے ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔ یونان کشتی حادثہ میں جاں بحق ہونے والے بھلوال کے نوجوان ولائت خان کے تین رشتہ داروں کے لبیا میں پھنسے ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ولائت خان سمیت ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کو یورپ پہنچانے کا جھانسہ دینے والے انسانی سمگلر تین افراد کو واپس لانے کیلئے تیس لاکھ روپے مانگ رہا ہے۔ مرحوم ولائت خان کے اہل خانہ نے حکومت سے معاونت کی اپیل کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن