عوام کی فلاح و بہبود‘ بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی ترجیح: گورنر
لاہور(نیوز رپورٹر)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے آج یہاں گورنر ہائوس لاہور میں سابق سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صوتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ عوام کی فلاح وبہبود اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کے باعث ملک کے معاشی حالات میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے مشکل معاشی صورتحال کے باوجود بہت اچھا اورعوام دوست بجٹ پیش کیا ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ اس دفعہ گندم کی اچھی منافع بخش فصل کسی نعمت سے کم نہیں۔ گورنر پنجاب نے اس موقع پر یونان میں ہونے والے کشتی حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سانحہ ہے ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔ سابق سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکنان نے ہمیشہ مثبت سیاست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) انشاء اللہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔