ہائیکورٹ نے مارکیٹ کمیٹیوں کے برطرف چیئرمین، عہدیدار بحال کردیئے
لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے مارکیٹ کمیٹیو ں کے برطرف چیئرمینوں اور عہدیداروںکو تاحکم ثانی بحال کر دیا۔ عدالت نے حکومت پنجاب، چیئرمین زرعی مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی سے 20 جون کو جواب طلب کر لیا۔ درخواست گزار حماد خان نیازی کے وکیل صفدر شاہین نے موقف اپنایا مارکیٹ کمیٹیوں کے چئیرمینوں کا عہدہ کی مدت قانون میں متعین ہے، تین برسوںکیلئے تعینات ہونے والے مارکیٹ کمیٹی کے چئیرمینوں کو غیر قانونی طور پر برطرف کر دیا گیا۔ قانون کے تحت برطرف نااہلی، بدانتظامی یا کرپشن کی بنیاد پر ہی ہو سکتی ہے۔ استدعا ہے عدالت غیر قانونی طور پر برطرف چیئرمینوں کو عہدوں پربحال کرنے کا حکم دے۔