حافظ آباد : قربانی کے جانوروں کی خریدو فروخت کیلئے 6مویشی منڈیاں لگائی جائینگی
حافظ آباد(نمائندہ خصوصی+نمائندہ نوائے وقت)ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عمر فارو ق وڑائچ نے کہا ہے عیدا لاضحی پر قربانی کے جانوروں کی خریدو فروخت کیلئے ضلع بھر میں 6مویشی منڈیاں لگائی جائینگی جہاں لائیو سٹاک ،میونسپل کمیٹی ، محکمہ صحت ، ریسکیو 1122 سمیت دیگر محکموں کے جانب سے تمام ضروری انتظامات کیے جائینگے ۔شہر کے مختلف مقامات پر جگہ جگہ قربانی کے جانور فروخت کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہو گی ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار مویشی منڈیوں کے قیام کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو امتیاز علی بیگ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملک عباس ذوالقرنین ، اسسٹنٹ کمشنر منور حسین،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فریحہ اکرم ملک ، ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر ریسکیو 1122محمد عدنان نواز سمیت ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیوں کے چیف آفیسر ز اجلاس میں شریک تھے۔ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کو مویشی منڈیوں میں اپنے کیمپس لگانے اور ضروری انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کیں۔