سٹاک مارکیٹ میں مندا، 100انڈیکس میں 680پوائنٹس کمی ریکارڈ
کراچی (کامرس رپورٹر)کاروباری ہفتہ کے پہلے ہی روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ شدید ترین مندی کی لپیٹ میں آ گئی اور مارکیٹ 41ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے گر کر40600پوائنٹس کی پست سطح پر آگئی۔گزشتہ روز کاروبار کا آغاز مثبت ہوا مگر منافع کی خاطر فروخت کے دبائو کی وجہ سے مارکیٹ تنزلی کا شکار ہو گئی اور انڈیکس 41300، 41200، 41100، 41000، 40000، 40900،40800 اور 40700پوائنٹس کی 8بالائی حدوں سے نیچے گر گیا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیرکوکے ایس ای100انڈیکس میں680.08پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس 41301.30پوائنٹس سے کم ہو کر 40621.22پوائنٹس پر آگیا۔کاروباری مندی کی وجہ سے مارکیٹ کے سرمائے میں 59ارب5کروڑ 44 لاکھ 18 ہزار 927 روپے کی کمی واقع ہوئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 63کھرب 26ارب 33کروڑ 88لاکھ 21ہزار 167 روپے سے کم ہو کر 62 کھرب 67 ارب 28 کروڑ44لاکھ2ہزار240روپے رہ گیا۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو5ارب روپے مالیت کے 17 کروڑ 97لاکھ80ہزار حصص کے سودے ہوئے۔ گزشتہ روز مارکیٹ میں مجموعی طور پر 320 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے54کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،244میں کمی اور22کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میںاستحکام رہا۔