محمد یوسف شاہ لاہور چیمبر آف کامرس کی ایگزیکٹو کمیٹی سے برخاست
لاہور(کامرس رپورٹر ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے مقررہ وقت تک تجدید رکنیت نہ کروانے پر محمد یوسف شاہ کو ایگزیکٹو کمیٹی سے برخواست کردیا ہے۔ محمد یوسف شاہ مقررہ وقت تک اپنی کمپنی الیوسف انٹرپرائزز کی رکنیت کی تجدید نہیں کرواسکے جس کی وجہ سے وہ لاہور چیمبر کے ممبر نہیں رہے اور ساتھ ہی ان کی بطور ایگزیکٹو کمیٹی رکن اہلیت بھی ختم ہوگئی۔ اس فیصلے کا اطلاق 31مارچ 2023ء سے ہوگا۔ واضح رہے کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں کسی بھی فرد کی نہیں بلکہ کمپنی یا بزنس کی رجسٹریشن اور ممبرشپ کی جاتی ہے اور اسی کمپنی کی بنیاد پر کوئی بھی فرد لاہور چیمبر کا ممبر ہوتا ہے اور بعدازاں وہ الیکشن کے پراسیس سے گزر کر ایگزیکٹیو کمیٹی ممبر یا پھر صدر، سینئر نائب صدر اور نائب صدر منتخب ہوتا ہے۔اگر کوئی شخص پہلا بنیادی کام یعنی اس کمپنی کی تجدید رکنیت ہی نہ کرائے جس کی بنیاد پر وہ لاہور چیمبر کا ممبر ہو تو اس کی رکنیت ختم ہو جاتی ہے، اس کے نتیجے میں وہ لاہور چیمبر کے دوسرے عہدوں یعنی ایگزیکٹیو کمیٹی ممبر بھی نہیں رہ سکتا ۔