بھرتیوں میں بدعنوانی کا کیس، پرویز الٰہی کی ضمانت منظور
لاہور (نوائے وقت رپورٹ+این این آئی+خبر نگار)اینٹی کرپشن عدالت لاہور نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی ضمانت منظور کرلی۔اینٹی کرپشن عدالت کے جج علی رضا نے محفوظ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے 10 لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی۔واضح رہے کہ پرویز الٰہی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں بھرتیوں میں بدعنوانی کا مقدمہ درج ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی کو جیل میں بی کلاس دینے کی درخواست جیل سپرنٹینڈنٹ کے بیان پر نمٹا دی۔پی ٹی آئی صدر کی درخواست پر جسٹس محمد وحید خان نے سماعت کی۔ پرویز الٰہی کی جانب سے عامر سعید راں عدالت میں پیش ہوئے اور مقف اپنایا کہ میرے موکل وزیر اعلی پنجاب رہ چکے ہیں، وہ ایک عمر رسیدہ شخص ہیں جنہیں ان کے گھر والوں سے بھی نہیں ملنے دیا جارہا۔وکیل نے اپنے دلائل میں مزید کہا کہ پرویز الٰہی کو قانون کے مطابق بی کلاس جیل میں رکھا جانا چاہیے، جیل حکام کو بی کلاس جیل میں رکھنے کا حکم دیں۔سرکاری وکیل نے جواب میں کہا کہ پرویز الٰہی کو بی کلاس میں رکھا گیا ہے اور انہیں جیل میں ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الٰہی کو جیل میں بی کلاس دینے کی درخواست نمٹا دی۔ این این آئی کے مطابق پانامہ سکینڈل میں چودھری پرویز الہی اور چودھری مونس الٰہی کی کمپنیوں کا انکشاف ہوا ہے جس پر ایف آئی اے نے شواہد اکٹھے کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ مقدمہ کے متن میں کہا گیا ہے پرویز الٰہی اور مونس الٰہی نے 5 پانامہ کمپنیوں میں اربوں روپے چھپائے، سابق وزیر اعلی پنجاب نے مبینہ منی لانڈرنگ کے ذریعے پانامہ میں کمپنیاں خریدیں۔