پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی تحلیل، نجم سیٹھی فارغ: ذکاء اشرف، مصطفیٰ رمدے کی نامزدگی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی کی چھٹی ‘وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کیلئے ذکا اشرف اور مصطفٰی رمدے کی نامزدگی کا نوٹیفکشن جاری کردیا گیا۔پیٹرن اِن چیف وزیراعظم شہباز شریف نے دو ناموں کی منظوری کے بعد سمری وزارت بین الصوبائی کو بھجوادی، پی سی بی قوانین کے تحت اب چیف الیکش کمشنر گورننگ بورڈ کا ایک خصوصی اجلاس بلائیں گے جس میں نئے کرکٹ بورڈ سربراہ کا انتخاب ہوگا۔سابق سربراہ ذکا اشرف کو ایک بار پھر عہدے کیلئے منتخب کیا جائیگا ۔وفاقی حکومت نے کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کو ڈی نوٹیفائی کردیا۔پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی سمیت تمام ممبران بھی غیرفعال ہوگئے۔مینجمنٹ کمیٹی نے پی سی بی بورڈ آف گورنرز کی منظوری دیدی۔ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کا نجم سیٹھی کی زیرصدارت رات گئے اجلاس ہوا جس میں بورڈ آف گورنرز کی منظوری دی گئی۔بورڈ آف گورنرز میں ذکا اشرف اور مصطفیٰ رمدے شامل ہیں جبکہ پشاور، لاہور، کراچی اور راولپنڈی ریجنز کے نمائندے شامل کیے گئے ہیں۔ بورڈ آف گورنرز کے انتخاب کے بعد مینجمنٹ کمیٹی کو تحلیل تصور کیا جائیگا۔ انتخابات تک پی سی بی الیکشن کمشنر ذمہ داریاں نبھائیں گے۔